منی پور میں نسلی تشدد، مزید 5 افراد ہلاک، مودی حکومت کے خلاف احتجاج

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سکیورٹی میں سنگین کوتاہی کے باعث مسلح گروہوں کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں 5 افراد جان سے گئے۔
کوکی قبائلی برادری کی ایک تنظیم نے ان ہلاکتوں کا الزام ناگا علیحدگی پسند تنظیموں پر عائد کرتے ہوئے واقعات کو اپنی سرزمین پر براہ راست اور بلااشتعال حملہ قرار دیا ہے۔
منی پور میں کوکی اور ناگا قبائلی برادریوں کے درمیان اپنی آبائی سرزمین پر ملکیت کے دعوؤں کے حوالے سے طویل عرصے سے تنازع جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق مئی 2023 سے ریاست میں نسلی کشیدگی اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔
تحقیقاتی ادارے ساؤتھ ایشیا ٹیررازم کے اعدادوشمار کے مطابق مئی 2023 سے اب تک منی پور میں عسکریت پسندی کے 181 واقعات میں 393 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں 95 ہلاکتیں صرف 2026 کے دوران ہوئیں۔
بھارتی جریدے انڈیا ٹوڈے نے بھی مودی حکومت کی مبینہ پراکسی جنگ اور منشیات کی سرپرستی کے خلاف عوامی احتجاج کی نشاندہی کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ریاست بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مسلح گروہوں اور بھارتی حکومت کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کو ختم کیا جائے۔



