برطانیہ: کم آمدنی والے تارکین وطن کے لیے مستقل رہائش کی مدت 10 سال مقرر

لندن: برطانوی وزیر داخلہ شبانہ محمود نے نئے امیگریشن قوانین کا اعلان کرتے ہوئے مستقل رہائش (انڈیفینٹ لیو ٹو ریمین) کے حصول کے لیے مختلف آمدنی اور پیشہ ورانہ شعبوں سے وابستہ افراد کے لیے قیام کی مدت میں تبدیلی کردی ہے۔
نئے قوانین کے تحت سوشل کیئر کے شعبے میں سالانہ 25 ہزار پاؤنڈ کمانے والے افراد پانچ سال بعد مستقل رہائش کی درخواست دے سکیں گے، جب کہ اس سے قبل اس شعبے کے بعض کارکنوں کے لیے یہ مدت 15 سال تھی۔ شبانہ محمود کے مطابق مئی 2025 سے پہلے برطانیہ آنے والے افراد بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
برطانوی وزیر داخلہ نے بتایا کہ کم آمدنی والے دیگر کارکنوں کے لیے مستقل رہائش کی مدت 10 سال مقرر کی گئی ہے، جب کہ سالانہ 50 ہزار پاؤنڈ سے زائد کمانے والے اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں خدمات انجام دینے والے افراد پانچ سال بعد درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
نئے قواعد کے مطابق مجرمانہ ریکارڈ رکھنے، انگریزی زبان پر عبور نہ رکھنے، قرضوں اور نیشنل انشورنس کی ادائیگی میں ناکام رہنے والے افراد کو مستقل رہائش دینے سے انکار کیا جاسکتا ہے۔
شبانہ محمود کے مطابق قانونی راستے سے برطانیہ آکر پناہ حاصل کرنے والے افراد پانچ سال بعد مستقل رہائش کی درخواست دے سکیں گے، جب کہ غیرقانونی طریقے سے آنے والے تارکین وطن کو اس کے لیے 20 سال انتظار کرنا ہوگا۔ برطانیہ میں تعلیم یا ملازمت کرنے والوں پر بھی یہی شرط لاگو ہوگی، جب کہ نہ ملازمت کرنے اور نہ تعلیم حاصل کرنے والے افراد کے لیے یہ مدت مزید 10 سال بڑھا کر 30 سال کردی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں مستقل رہائش کا حق اب خودکار طور پر نہیں ملے گا بلکہ اسے محنت اور شرائط پوری کرکے حاصل کرنا ہوگا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق مستقل رہائش حاصل کرنے والے افراد کو غیرمعینہ مدت تک برطانیہ میں قیام، ملازمت اور تعلیم حاصل کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ وہ مقررہ شرائط پوری کرنے کی صورت میں سرکاری سہولیات اور برطانوی شہریت کے لیے بھی درخواست دے سکیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شبانہ محمود کو سابقہ حکومت کے دور میں نیٹ مائیگریشن میں اضافے کے بعد مستقل رہائش کے اہل ہونے والے افراد کی ممکنہ بڑی تعداد پر تشویش ہے۔ نئے قوانین کا پہلے سے برطانیہ میں مقیم افراد پر اطلاق کرنے کی تجاویز پر انہیں اپنی حکومت کے اندر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ہاؤسنگ سیکرٹری انجیلا رینر سمیت متعدد لیبر ارکان پارلیمنٹ نے ان تجاویز کو غیر برطانوی قرار دیا تھا۔
شبانہ محمود کا مؤقف ہے کہ امیگریشن نظام میں اصلاحات کا بنیادی مقصد عوام پر مالی بوجھ کم کرنا اور مستقل رہائش کے حصول کو واضح شرائط سے مشروط کرنا ہے۔
برطانوی ہوم آفس کے مطابق 2021 سے 2024 کے دوران برطانیہ کی آبادی میں 26 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا، جب کہ محکمے کی پیش گوئی ہے کہ 2026 سے 2030 کے درمیان مزید 16 لاکھ افراد برطانیہ میں آباد ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ شبانہ محمود اسی امیگریشن نظام میں تبدیلیاں کررہی ہیں جس کے تحت ان کے والدین کشمیر سے برطانیہ منتقل ہوئے تھے۔
دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم اینڈی برنہم کا کہنا ہے کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ قانونی امیگریشن کی موجودہ سطح زیادہ ہے یا کم۔ ان کے مطابق قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی آئی ہے اور 2025 میں نیٹ مائیگریشن ایک لاکھ 71 ہزار رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں نصف ہے۔



