پاکستانی گانا ’’مجبور‘‘ کے 25 کروڑ سے زائد اسٹریمز، بیلجیئم کے معروف ڈی جے نے ریمکس جاری کردیا

شہریار ریحان اور زوہا وسیم کی آواز میں پیش کیے گئے اس گانے کو لاسٹ فریکوئنسیز نے اپنے مخصوص الیکٹرانک اور ڈانس میوزک انداز میں نئے رنگ دیے ہیں۔ 2025ء میں ریلیز ہونے والے ’’مجبور‘‘ نے اسپاٹیفائی، یوٹیوب اور ایپل میوزک کے چارٹس پر جگہ بنائی، جبکہ اسپاٹیفائی کی گلوبل وائرل ٹاپ 50 فہرست میں بھی شامل ہوا۔ گانے کو پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک میں پذیرائی ملی۔
اس اشتراک کا آغاز اس وقت ہوا جب لاسٹ فریکوئنسیز نے اپنے لائیو پرفارمنسز میں ’’مجبور‘‘ کا ریمکس بجانا شروع کیا۔ بعدازاں انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پرفارمنس کی ویڈیو شیئر کی، جس کے بعد گانے کے باضابطہ ریمکس کی راہ ہموار ہوئی۔
لاسٹ فریکوئنسیز کا کہنا ہے کہ ’’مجبور‘‘ میں ایک لازوال کشش ہے۔ انہیں گانے کی خوبصورت دھنوں کو اپنے موسیقی کے انداز کے ساتھ یکجا کرکے ڈانس فلور کے لیے پیش کرنا اچھا لگا۔
اصل گانے کے لکھاری اور کمپوزر شہریار ریحان نے کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ گانا بین الاقوامی سطح پر اس قدر سفر کرے گا۔ ان کے مطابق ریمکس نے اصل گانے کے جذبات برقرار رکھتے ہوئے اسے ایک نیا موسیقائی انداز دیا ہے اور دنیا بھر میں نئے سامعین تک رسائی خوش آئند ہے۔
’’مجبور‘‘ میں شہریار کی شاعرانہ و موسیقائی تخلیق کے ساتھ زوہا وسیم کی غزل سے متاثر آواز شامل ہے، جو اسے جدید پاکستانی پاپ موسیقی کا منفرد امتزاج بناتی ہے۔
منصوبے سے وابستہ میوزک کمپنی جراف میوزک کے شریک بانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر ذلفی نے کہا کہ موسیقی کہانیوں کو ایسی جگہوں تک پہنچا سکتی ہے جن کا فنکاروں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا ہوتا۔ انہوں نے بھارت میں لاسٹ فریکوئنسیز کی جانب سے ’’مجبور‘‘ پیش کیے جانے کو اس بات کی مثال قرار دیا کہ بین الاقوامی اشتراک پاکستانی موسیقی کو دنیا بھر کے سامعین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
لاسٹ فریکوئنسیز کی عالمی شہرت
لاسٹ فریکوئنسیز کا اصل نام فیلکس ڈی لیٹ ہے۔ انہیں عالمی شہرت گانے ’’Are You With Me‘‘ سے ملی، جس نے 18 ممالک کے میوزک چارٹس میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ وہ برطانیہ کے میوزک چارٹ میں نمبر ون پر پہنچنے والے پہلے بیلجیئم فنکار بھی بنے۔
انہوں نے 2014ء میں امریکی کنٹری گلوکار ایسٹن کوربن کے گانے ’’Are You With Me‘‘ کا ریمکس تیار کیا تھا۔ یہ گانا اصل میں کوربن کے دوسرے اسٹوڈیو البم ’’All Over the Road‘‘ میں شامل تھا، تاہم اسے ابتدائی طور پر سنگل کے طور پر جاری نہیں کیا گیا تھا۔ لاسٹ فریکوئنسیز نے ریمکس ساؤنڈ کلاؤڈ پر اپ لوڈ کیا، جس کے بعد آرمڈا میوزک سے وابستہ ماروین تیلیلی نے اسے دریافت کرکے ریلیز کے لیے معاہدہ کیا۔ گانا 27 اکتوبر 2014ء کو باضابطہ طور پر جاری ہوا اور 15 نومبر کو بیلجیئم کے الٹرا ٹاپ چارٹ میں سرفہرست آگیا، جبکہ والونیا کے چارٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔
’’مجبور‘‘ کا نیا ریمکس اس امر کی مثال ہے کہ اسٹریمنگ پلیٹ فارمز اور لائیو پرفارمنسز کس طرح موسیقی کو جغرافیائی اور ثقافتی حدود سے آگے لے جا کر مختلف ممالک کے فنکاروں اور سامعین کو ایک دوسرے کے قریب لاسکتے ہیں۔



