موسمی فلو کے مریضوں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ
برطانیہ میں اسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ

لندن: برطانیہ میں سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی سانس کی نالی کے وائرل انفیکشنز کے پھیلاؤ میں اضافہ ہونے لگا ہے، جبکہ اسپتالوں میں فلو کے باعث داخل مریضوں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کووڈ-19 اور موسمی فلو سمیت مختلف وائرل انفیکشنز کے باعث طبی مراکز پر مریضوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے۔ بالخصوص معمر افراد اور دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے اسپتالوں میں داخلے کی شرح میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق سرد موسم میں لوگوں کا بند جگہوں پر زیادہ وقت گزارنا اور درجہ حرارت میں کمی وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے، جس سے انفیکشن تیزی سے منتقل ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
محکمہ صحت کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ احتیاطی تدابیر اور ویکسینیشن پر مناسب توجہ نہ دی گئی تو ہنگامی طبی خدمات اور انتہائی نگہداشت کے یونٹس (آئی سی یوز) پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
ماہرینِ صحت نے شہریوں کو بروقت ویکسین لگوانے، گنجان مقامات پر ماسک استعمال کرنے اور ہاتھوں کی باقاعدگی سے صفائی سمیت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔



