ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 11.38 فیصد ریکارڈ، پیاز 75 فیصد سے زائد مہنگا

اسلام آباد(ہم شہری)وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 11.38 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.04 فیصد کمی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران پیاز کی قیمت میں 75.19 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 68.95 فیصد اضافہ ہوا۔ بجلی کے چارجز 58.59 فیصد، پیٹرول 49.6 فیصد اور ڈیزل 43.98 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایک سال میں آٹے کی قیمت میں 35.13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چکن 20.77 فیصد، مرچ پاؤڈر 15.55 فیصد، مٹن 14.09 فیصد اور بیف 12.27 فیصد مہنگا ہوا۔ اس دوران سادہ ڈبل روٹی کی قیمت میں بھی 9.02 فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب سالانہ بنیادوں پر بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ٹماٹر 63.65 فیصد، آلو 39.93 فیصد اور چینی 23.2 فیصد سستی ہوئی۔ اسی طرح انڈوں کی قیمت میں 19.83 فیصد، نمک میں 14.86 فیصد، دال مسور میں 8.97 فیصد، گڑ میں 8.92 فیصد اور دال مونگ میں 7.83 فیصد کمی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.04 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ایک ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 7 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 21 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ہفتہ وار بنیادوں پر دال چنا 4.97 فیصد، آٹا 3.36 فیصد اور چکن 3.31 فیصد مہنگا ہوا۔ انڈوں کی قیمت میں 0.99 فیصد، دال ماش میں 0.98 فیصد، دال مسور میں 0.95 فیصد جبکہ لکڑی کی قیمت میں 0.69 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے برعکس ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 23.05 فیصد سستے ہوئے، جبکہ پیاز کی قیمت میں 4.90 فیصد اور کیلے کی قیمت میں 2.59 فیصد کمی ہوئی۔ پیٹرول 0.70 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول 0.65 فیصد اور چینی 0.62 فیصد سستی ہوئی۔



