crimelatest news

پشاور: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ و بارودی مواد برآمد

پشاور: پشاور کے نواحی علاقے میرا کچوڑی قبرستان میں سی ٹی ڈی کی انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میرا کچوڑی قبرستان میں کی گئی۔ فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، جبکہ بعض دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں، ایک پستول، ایک ہینڈ گرینیڈ، 7 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کیے گئے۔

حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں شامل سید ولی کے قبضے سے ننگرہار افغانستان کا افغان مہاجر کارڈ بھی برآمد ہوا۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ سید ولی افغانستان سے پاکستان داخل ہونے والے تین خودکش حملہ آوروں میں سے ایک ہوسکتا ہے۔

کارروائی کے دوران تمام سی ٹی ڈی اہلکار محفوظ رہے۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر پشاور ریجن کے سی ٹی ڈی اہلکاروں کو شاباش دی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button