
سانحہ پمز پر غیر جانبدار تحقیقات ہونی چاہئیں، پی ٹی آئی کا مطالبہ
اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سانحہ پمز کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا کہ پمز کے واقعے نے موجودہ نظام پر کئی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال کے سربراہ واقعے کے ذمہ دار ہیں کیونکہ وہ انتظامی امور کی نگرانی میں ناکام رہے۔
علی محمد خان نے پمز انتظامیہ سے سوال کیا کہ کیا اسپتال کے ہر معاملے پر اب وزیراعظم کو نوٹس لینا پڑے گا؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پمز میں بعض شخصیات ایسی ہیں جنہیں عہدوں سے ہٹانا مشکل ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پمز کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کرکے معاملے کو ختم نہیں کیا جانا چاہیے بلکہ ذمہ داروں کا تعین اور شفاف تحقیقات ضروری ہیں۔



