
امریکا کا ایران سے مذاکرات سے انکار، تمام آپشنز کھلے رکھنے کا اعلان
واشنگٹن: امریکا نے ایران کے ساتھ مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال دونوں ممالک کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے کہا کہ یہ صورتحال اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ محسوس نہ ہو کہ ایران بامعنی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
کیرولین لیوٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ اس وقت ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے بعد اب ’’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ کے ذریعے ایرانی معیشت کو شدید نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے ایران کے معاملے پر تمام آپشنز کھلے رکھے ہوئے ہیں اور واشنگٹن کا بنیادی مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔
دوسری جانب قطر کے وزیراعظم کی جانب سے تہران میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور سفارتی رابطے بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم واشنگٹن کا کہنا ہے کہ فی الحال براہِ راست مذاکرات نہیں ہو رہے۔



