
بھارت: ہریانوی گلوکار انکت بالیان جم کے باہر فائرنگ سے قتل
شاملی: بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع شاملی میں ہریانوی گلوکار اور یوٹیوبر انکت بالیان کو جم کے باہر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انکت بالیان گزشتہ روز شاملی کے کوتوالی تھانہ علاقے میں واقع جم سے باہر نکل رہے تھے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح حملہ آوروں نے ان پر متعدد فائر کیے۔ گولیاں لگنے کے باعث گلوکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
اتر پردیش کے سابق وزیراعلیٰ نے واقعے کو جاٹ برادری پر حملہ قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ قیاس آرائیاں بھی سامنے آئی ہیں کہ انکت بالیان آئندہ پنچایت انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم ان کے قریبی عزیزوں یا پولیس حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق انکت بالیان کے یوٹیوب چینل پر 3 لاکھ 66 ہزار سے زائد سبسکرائبرز تھے۔ پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔



