
شویتا تیواری سے بدتمیزی کرنے والا شخص ایم این ایس کارکن نہیں تھا، اداکارہ کا راج ٹھاکرے سے اظہارِ تشکر
ممبئی: بھارتی اداکارہ شویتا تیواری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان سے بدتمیزی کرنے والا شخص مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کا کارکن نہیں تھا۔ اداکارہ نے معاملے پر فوری کارروائی کرنے پر راج ٹھاکرے اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے شویتا تیواری نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں انسٹاگرام پر بعض افراد کی جانب سے نازیبا اور توہین آمیز پیغامات موصول ہوئے۔ اداکارہ نے متعلقہ شخص کے اکاؤنٹ کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے راج ٹھاکرے سے سوال کیا تھا کہ کیا وہ اپنی پارٹی میں ایسے لوگوں کی حمایت کریں گے۔
جمعرات کو شویتا تیواری نے بتایا کہ راج ٹھاکرے کی ٹیم سے وابستہ ایک خاتون نے ان سے رابطہ کیا اور معاملے پر ہونے والی کارروائی سے انہیں آگاہ کیا۔ اداکارہ کے مطابق ایم این ایس کی خاتون وکیل ایڈووکیٹ سنیہل اڈارکر نے فوری رابطہ کرتے ہوئے تین دن کے اندر متعلقہ شخص کا فون نمبر اور اس کی ہاتھ سے لکھی ہوئی معافی بھی انہیں فراہم کی۔
شویتا تیواری نے راج ٹھاکرے، ایڈووکیٹ سنیہل اڈارکر اور ان کی پارٹی کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور یہ واضح کیا کہ خواتین کی توہین کو معمولی نہیں سمجھا جاتا۔
اداکارہ نے بتایا کہ خاتون وکیل نے انہیں یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں انہیں ایسی کسی پریشانی کا سامنا ہو تو وہ براہ راست ان سے رابطہ کرسکتی ہیں۔ ان کے مطابق متعلقہ شخص ایم این ایس کا رکن نہیں تھا۔
شویتا تیواری نے کہا کہ آن لائن بدسلوکی کا مسئلہ صرف ایک یا دو افراد تک محدود نہیں بلکہ ان ہزاروں یا لاکھوں افراد کا بھی ہے جو سوشل میڈیا کی اسکرینوں کے پیچھے چھپ کر خود کو بے خوف سمجھتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیکنالوجی کمپنیاں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز خواتین کے خلاف بڑھتی ہوئی آن لائن بدسلوکی سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔
کام کے حوالے سے شویتا تیواری حال ہی میں ریئلٹی شو دی ٹریٹرز سیزن 2 میں نظر آئی تھیں، جہاں وہ ساتویں قسط میں ’’بے گناہ‘‘ قرار پانے کے بعد شو سے باہر ہوگئی تھیں۔



