latest newsShowbizWorld

نیپال میں تباہ کن سیلاب دل دہلا دینے والا سانحہ ہے، منیشا کوئرالا کی متاثرین کے لیے مدد کی اپیل

کھٹمنڈو: بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ منیشا کوئرالا نے نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے متاثرین کی مدد کی اپیل کردی۔

کھٹمنڈو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیشا کوئرالا نے کہا کہ نیپال میں شدید سیلاب سے ہونے والی تباہی نے انہیں صدمے میں مبتلا کردیا ہے۔ انہوں نے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ اچانک آنے والی اس قدرتی آفت نے انہیں کئی برس قبل آنے والے تباہ کن زلزلے کی یاد دلا دی۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منیشا کوئرالا کا کہنا تھا کہ انسانی مصائب کی شدت کو سمجھنا انتہائی مشکل ہے۔ ان کی پہلی سوچ ان تمام افراد کے لیے ہے جو اس وقت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں سے بالاتر ہوکر انسانیت کی بنیاد پر ہمیں متاثرین کے لیے دعا کرنی چاہیے اور ان کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔

اداکارہ نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی تصاویر، خبریں اور لوگوں کی کہانیاں ایسی ہیں جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھیں۔ ان کے بقول قدرت کی اس شدت کو دیکھنا انتہائی تکلیف دہ ہے، اس لیے سب کو متاثرین کے لیے دعا کرنے کے ساتھ عملی طور پر بھی مدد کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ منیشا کوئرالا کا تعلق نیپال سے ہے اور وہ کھٹمنڈو میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے دادا بشویشور پرساد کوئرالا نیپال کے پہلے منتخب وزیراعظم تھے۔

دریں اثنا، بالی ووڈ کی دیگر شخصیات، جن میں انوپم کھیر، سنیل شیٹی، سونو سود اور سنجے دت شامل ہیں، نے بھی نیپال میں ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

اداکار سونو سود نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’’نیپال آپ اکیلے نہیں‘‘، اور متاثرین کو خوراک، پناہ گاہ اور تعمیرِ نو میں مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button