
گلوبل یونیورسٹیز رینکنگ 2026: یو ایم ٹی پاکستان کی نجی جامعات میں چوتھے نمبر پر
لاہور(عمران اسلم) یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ کی جاری کردہ بیسٹ گلوبل یونیورسٹیز رینکنگ 2026 میں یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کی نجی جامعات میں چوتھی پوزیشن حاصل کرلی۔
رینکنگ کے مطابق یو ایم ٹی ایشیا کی بہترین جامعات میں 161ویں جبکہ عالمی جامعات کی مجموعی درجہ بندی میں 573ویں نمبر پر قرار پائی ہے۔

چیئرمین یو ایم ٹی ابراہیم مراد نے اس کامیابی پر یو ایم ٹی فیملی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے عالمی سطح پر اپنے تعلیمی اور تحقیقی معیار کو برقرار رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم اور تحقیق کے میدان میں یو ایم ٹی کی کامیابیاں پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہیں، جبکہ عالمی رینکنگ میں شاندار پوزیشن یو ایم ٹی فیملی کی مسلسل محنت کا ثمر ہے۔
ابراہیم مراد نے عزم ظاہر کیا کہ یو ایم ٹی کو عالمی سطح پر مزید بلندیوں تک لے جانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور ان شاء اللہ یونیورسٹی جلد دنیا کی صفِ اول کی جامعات میں شامل ہوگی۔



