latest newsPakistan

حضرت بابا بلھے شاہؒ کی تعلیمات محبت، امن، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں: ڈاکٹر احسان بھٹہ

قصور(شیخ طاہر علی)سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ حضرت بابا بلھے شاہؒ برصغیر کی عظیم روحانی و صوفی شخصیات میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ آپؒ نے اپنی تعلیمات اور شاعری کے ذریعے محبت، اخوت، رواداری، انسانیت اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا پیغام عام کیا، جو آج بھی پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 269ویں سالانہ عرس مبارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مزارِ اقدس پر حاضری دی، چادر پوشی کی اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ حضرت بابا بلھے شاہؒ نے عشقِ الٰہی، ذکرِ خداوندی، عاجزی، انسانوں سے محبت اور بھائی چارے کو اپنی تعلیمات کا محور بنایا۔ ان کی شاعری معاشرے میں موجود نفرت، تعصب اور تفریق کے خاتمے اور باہمی احترام و برداشت کا درس دیتی ہے۔ موجودہ دور میں صوفیائے کرام کی امن، محبت اور رواداری پر مبنی تعلیمات کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ’’Magnificent Punjab‘‘ وژن کے تحت اولیائے کرام کے مزارات، دینی مدارس اور مذہبی و روحانی مقامات کی بحالی، تزئین و آرائش اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حضرت بابا بلھے شاہؒ کے مزار کی اپ گریڈیشن کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 650 ملین روپے کی اسکیم مختص کی گئی ہے، جس پر کام تقریباً تکمیل کے مرحلے میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زائرین، طلبہ اور نوجوان نسل کو حضرت بابا بلھے شاہؒ کی تعلیمات، قصور کی تاریخ اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے کے لیے مزار پر اسٹیٹ آف دی آرٹ لائبریری کم فوٹوگرافک گیلری بھی قائم کی گئی ہے۔ گیلری میں حضرت بابا بلھے شاہؒ کی حیاتِ مبارکہ اور قصور کے تاریخی و ثقافتی ورثے سے متعلق 20 نایاب تاریخی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں جبکہ بریفنگز اور دستاویزی فلموں کے ذریعے زائرین کو تاریخی معلومات فراہم کی جائیں گی۔

سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ عرس مبارک میں شرکت کرنے والے زائرین کے لیے ٹھنڈے پانی کی سبیل، لنگر، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی سمیت خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ زائرین کو محفوظ، پُرامن اور سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے آر پی سی کے اراکین کے ساتھ اجلاس بھی کیا اور عرس کے انتظامات پر بریفنگ لی۔ انہوں نے زائرین، بالخصوص بزرگوں اور خواتین سے ملاقات کرکے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ بعد ازاں انہوں نے کنٹرول روم، مختلف محکموں کے اسٹالز، لنگر خانہ، مسجد اور لائبریری کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے زائرین کی رہنمائی کے لیے پنجاب ٹورازم فورس کی جانب سے 11 مرد اور 3 خواتین اہلکار فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے نایاب تاریخی تصاویر کی تلاش، تحقیق اور انتخاب کے حوالے سے مبین الرحمن کی کاوشوں کو بھی سراہا جبکہ ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے جامع انتظامات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف پنجاب حافظ انیس الرحمن، زونل ایڈمنسٹریٹر میاں محمد اسلم، محکمہ اوقاف کے افسران، مقامی انتظامیہ، سیاسی شخصیات، علماء کرام، مفتیانِ عظام اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button