latest newsPakistan

واسا لاہور عوامی خدمت میں سرگرم، فائر ہائڈرنٹس کی تنصیب کا بھی جائزہ

لاہور(عمران اسلم) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کی روشنی میں واسا لاہور عوامی خدمت اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ اس حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور غفران احمد کی زیرِ صدارت ترقیاتی و آپریشنل امور کا جامع اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈی ایم ڈی آپریشنز، تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز اور ڈائریکٹر فنانس نے شرکت کی جبکہ ایکسینز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام، سالانہ ترقیاتی پروگرام، آپریشن اینڈ مینٹیننس اور عوامی شکایات کے ازالے سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایم ڈی واسا غفران احمد نے تمام ترقیاتی منصوبوں کی سائٹس کو مکمل طور پر کلیئر رکھنے اور جاری کاموں میں معیار و رفتار یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، جبکہ کام میں غفلت برتنے والے افسران اور عملے کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

غفران احمد نے ریونیو میں اضافے اور نادہندگان کے خلاف بھی سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر بڑے سرکاری ہسپتالوں اور حساس مقامات پر فائر سیفٹی کے پیشگی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فائر ہائڈرنٹس کی تنصیب کے لیے ہسپتالوں اور حساس مقامات کی ابتدائی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔

ایم ڈی واسا نے پہلے سے نصب فائر ہائڈرنٹس کی فعالیت کا جائزہ لینے اور جہاں ضرورت ہو وہاں مزید اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے فائر ہائڈرنٹس کی تنصیب کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مؤثر کوآرڈی نیشن یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

غفران احمد نے کہا کہ فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہیں، اس لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اقدامات کو بروقت مکمل کریں۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button