latest newsPakistan

ریلوے اراضی پر قابضین اور اسمگلنگ میں ملوث کارگو کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

لاہور(عمران اسلم) انسپکٹر جنرل پاکستان ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان کی سربراہی میں سینٹرل پولیس آفس لاہور میں ایس آر پیز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران ریلویز پولیس کی کارکردگی، جرائم کی صورتحال اور اہم پیشہ ورانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس میں بتایا گیا کہ ریلویز پولیس نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران مختلف جرائم کے 2,241 مقدمات درج جبکہ 2,581 ملزمان گرفتار کیے۔ آئی جی ریلویز پولیس نے جرائم کے خلاف مزید مؤثر اور مربوط کارروائیاں جاری رکھنے اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔

محمد وصال فخر سلطان نے ٹرینوں کے ذریعے غیر قانونی اشیاء کی اسمگلنگ کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ میں ملوث مافیاز، گروہوں اور منظم نیٹ ورکس کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسمگلنگ میں ملوث نجی کارگو کمپنیوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے اور قانون کے مطابق ان کے لائسنس منسوخ کروائے جائیں۔

کانفرنس میں ریلوے اراضی پر قبضہ مافیا کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی ریلویز پولیس نے تمام ایس پیز کو ہدایت کی کہ ڈی ایس ریلویز کے ساتھ مل کر قبضہ شدہ ریلوے اراضی کی نشاندہی کی جائے اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ تیار کی جائے۔

انہوں نے اسپیشل برانچ کو بھی قیمتی ریلوے اراضی پر قائم تجاوزات اور قبضوں کی مکمل رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے بڑے پیمانے پر اینٹی انکروچمنٹ آپریشن شروع کیا جا سکے۔

آئی جی ریلویز پولیس نے ٹرین گشت پر مامور اہلکاروں کی کسی بھی قسم کی کرپشن کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔

محمد وصال فخر سلطان نے ریلویز پولیس ہیلپ سینٹرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مزید اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلپ سینٹرز پر اچھی شہرت، خوش اخلاقی اور بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ مسافروں کو فوری اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

کانفرنس میں ڈی آئی جی نارتھ و ہیڈکوارٹرز سرفراز احمد فلکی، اے آئی جی ایڈمن حماد حیدر، ایس پی لائنز ہیڈکوارٹرز اور تمام ڈویژنز کے ایس پیز نے شرکت کی۔

کانفرنس کے اختتام پر آئی جی ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایس پی سکھر ثناء الرحمٰن اور تفتیشی افسر لاہور انسپکٹر اکرم کو تعریفی اسناد سے نوازا اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button