
داتا دربار ہسپتال میں ڈے کیئر سنٹر قائم، ورکنگ ماؤں کے لیے بڑی سہولت
لاہور(شیخ طاہر علی)داتا دربار ہسپتال میں ملازمین، خصوصاً ورکنگ ماؤں کے بچوں کی محفوظ، پُرسکون اور معیاری نگہداشت کے لیے جدید ڈے کیئر سنٹر قائم کردیا گیا۔ سیکریٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود اور خصوصاً ورکنگ ماؤں کو سہولت فراہم کرنا ایک حساس اور انسان دوست سوچ کا تقاضا ہے۔ ڈے کیئر سنٹر بظاہر ایک چھوٹا انتظامی قدم ہے، تاہم یہ ملازمین کی ضروریات کو سمجھنے اور انہیں سہولت فراہم کرنے کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈے کیئر سنٹر ورکنگ ماؤں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا، جہاں وہ اپنے بچوں کو محفوظ ماحول میں چھوڑ کر ذہنی اطمینان کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرسکیں گی۔ داتا دربار ہسپتال ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کے لیے ایسا سازگار ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے جہاں وہ یکسوئی اور اطمینان سے فرائض انجام دے سکیں۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ڈے کیئر سنٹر کے قیام میں تعاون پر ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی سیکریٹری ثمن رائے اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے باہمی تعاون سے ملازمین، خصوصاً ورکنگ ماؤں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ داتا دربار ہسپتال محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیرِ انتظام اہم فلاحی و طبی ادارہ ہے، جہاں کم آمدن، نادار اور غریب افراد کو مفت یا انتہائی کم خرچ پر علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہسپتال میں طویل عرصے سے بند جنرل میڈیکل وارڈ کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے جبکہ خواتین کے لیے جدید گائنی وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔
سیکریٹری اوقاف کے مطابق ہسپتال کی او پی ڈی اور ایمرجنسی میں روزانہ سو سے زائد مریضوں کو طبی معائنہ، بنیادی علاج اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ تشخیصی لیبارٹری میں بنیادی بلڈ ٹیسٹس سمیت دیگر ضروری سہولیات بھی دستیاب ہیں۔ ہسپتال کو جدید طبی آلات اور بہتر انفراسٹرکچر سے آراستہ کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
ایم ایس داتا دربار ہسپتال ڈاکٹر جاوید ملک نے کہا کہ ڈاکٹر احسان بھٹہ کی خصوصی دلچسپی اور مسلسل نگرانی کے باعث ہسپتال میں سہولیات کی بہتری، انتظامی نظم و نسق، ماحول کی تزئین، مریضوں کی آسانی اور ملازمین کی فلاح کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ڈے کیئر سنٹر کے قیام کو اسی سلسلۂ خدمت کی ایک اہم کڑی قرار دیا۔
تقریب میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن شاکر سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن عظیم حیات، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان، ڈی ایم ایس ڈاکٹر طلعت بھٹی، ڈاکٹر رومانہ ریحان، ڈاکٹر مبشر الحسن سمیت ہسپتال کے دیگر ڈاکٹرز اور افسران بھی موجود تھے۔



