latest newsWorld

جاپان سے ملائیشیا پہنچنے والی پرواز کے لینڈنگ گیئر سے نوجوان کی لاش برآمد

کوالالمپور: جاپان سے ملائیشیا پہنچنے والی پرواز کے لینڈنگ گیئر سے نوجوان کی کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کے ٹوکیو ہانیدہ ایئرپورٹ سے آنے والی پرواز جمعرات کی صبح تقریباً 6 بج کر 30 منٹ پر کوالالمپور پہنچی۔ طیارہ ٹرمینل 2 پر کھڑا تھا جہاں معمول کی دیکھ بھال کے دوران انجینئرنگ عملے نے لینڈنگ گیئر کے حصے سے مشکوک بدبو محسوس کی اور حکام کو اطلاع دی۔

طیارے کے تفصیلی معائنے کے دوران لینڈنگ گیئر کے خانے سے ایک نامعلوم شخص کی کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی۔ ابتدائی معائنے کے مطابق متوفی کی عمر 17 سے 25 سال کے درمیان بتائی جارہی ہے۔

متوفی نے سفید رنگ کی ہوڈی اور نیلی جینز پہن رکھی تھی، تاہم لاش کے پاس سے شناختی دستاویزات سمیت کوئی ایسی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت ہوسکے۔

حکام کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ نوجوان کی موت 72 گھنٹے سے زیادہ پہلے ہوئی۔ پولیس اور فارنزک ٹیم نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button