سی ای او ریلوے محمد حفیظ اللہ اور اے جی ایم مکینیکل راحت مرزا کا واشنگ لائنز لاہور کا اچانک دورہ
بزنس ایکسپریس کی مینٹیننس، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ، کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات

لاہور: (عمران اسلم) چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد حفیظ اللہ نے ایڈیشنل جنرل مینجر مکینیکل راحت مرزا کے ہمعاہ واشنگ لائنز لاہور کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران واشنگ لائنز میں مینٹیننس اور دیگر سہولیات کے حوالے سے بزنس ایکسپریس ٹرین کا تفصیلی معائنہ کیا اور ٹرین کی صفائی ستھرائی، مرمتی کاموں اور مجموعی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ڈویژنل مکینیکل انجینئر محمد عمران نے بزنس ایکسپریس کی مینٹیننس کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت اور متعلقہ امور پر جامع بریفنگ دی۔
سی ای او ریلوے نے لاہور ڈویژن کی مجموعی کارکردگی، صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات اور مینٹیننس کے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے متعلقہ افسران اور عملے کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹرینوں کی صفائی اور مینٹیننس کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے تاکہ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرینوں کے معیار اور کارکردگی کو بھی مزید بہتر بنایا جا سکے۔
سی ای او ریلوے نے واشنگ لائن لاہور کے بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کو بہتر کرنے کے لیے بھی ضروری ہدایات جاری کیں تاکہ مینٹیننس کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور پاکستان ریلوے میں سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔
واضح رہے ڈی ایس ریلوے انعام اللہ کی ہدایات کے مطابق ریلوے لاہور ڈویژن ٹیم سروسز کی فراہمی کے حوالے سے موثر کردار ادا کر رہی ہے۔



