نیب کے ڈاکٹر امجد علی سمیت دیگر افراد کو پانچ نوٹس، آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات

پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے رکن صوبائی اسمبلی اور وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی سمیت دیگر افراد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور مبینہ کرپشن کے الزامات پر پانچ نوٹس جاری کردیے۔
نیب کی جانب سے جاری نوٹسز کے سلسلے میں چار گواہوں کو بھی طلب کیا گیا ہے، جن میں باچا سید، محمد عارف شاہ، سراج احمد اور نوید احمد شامل ہیں۔ ان گواہوں کو 20 سے 22 اکتوبر کے دوران متعلقہ ریکارڈ اور معلومات کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
نیب نے اسلام آباد کی ایٹین ہاؤسنگ سوسائٹی (Eighteen Housing Society) اور جلوزئی ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق جائیدادوں کی الاٹمنٹ، ملکیت اور ادائیگیوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔
اس سلسلے میں نیب نے خیبرپختونخوا کے اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ افراد کی تنخواہوں، الاؤنسز، دیگر مراعات اور سفری ریکارڈ پر مشتمل تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔
نیب نے خبردار کیا ہے کہ جاری کردہ نوٹسز پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ کارروائی آمدن سے زائد اثاثوں اور مبینہ بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کے سلسلے میں کی جارہی ہے۔ نوٹسز کا اجرا بذاتِ خود الزامات ثابت ہونے کے مترادف نہیں ہے۔



