crimelatest news

ملتان: جبری مشقت سے انکار پر 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی تلے کچل کر قتل کردیا گیا

ملتان: ملتان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو مبینہ طور پر جبری مشقت سے انکار اور کام چھوڑ کر جانے پر گاڑی تلے کچل کر قتل کردیا گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آنے کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

مختلف سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز میں لڑکے کو بھاگتے اور ملزمان کو اس کا تعاقب کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ایک اور کیمرے کی ریکارڈنگ میں گاڑی کو تیز رفتاری سے لڑکے پر چڑھاتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

ابتدا میں واقعے کو حادثہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم مختلف زاویوں سے حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیجز نے واقعے کے حالات پر سنگین سوالات اٹھا دیے۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے توقیر نذیر نامی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں مقتول پر چوری کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

سی پی او ملتان اختر فاروق کے مطابق مقتول لڑکا ایک این جی او کے یتیم خانے میں رہائش پذیر تھا، جہاں سے اسے سات روز قبل الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے ملزم توقیر کے پاس بھیجا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم مختلف عمارتوں میں بجلی کے کام کے ٹھیکے لیتا تھا اور ماضی میں بھی یتیم خانے کے بچے اس کے پاس فنی تربیت حاصل کرتے رہے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکے کے کام چھوڑ کر چلے جانے کے بعد اس کا تعاقب کیا گیا اور پھر اس پر گاڑی چڑھا دی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ قتل کے محرکات اور اس میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا تعین کیا جاسکے۔

واقعے کے بعد مقتول کی لاش اس کے چچا اور ماموں مظفرگڑھ لے گئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button