latest newsPolitics

مولانا فضل الرحمان کا غصہ وقت کے ساتھ معمول پر آجائے گا، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کے جس بیان کا حوالہ دیا ہے، اس وقت کے حالات مختلف تھے اور جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اور جنرل (ر) فیض حمید ذاتی طور پر ان معاملات میں ملوث تھے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف نے اس وقت ان شخصیات کی نشاندہی کی تھی اور انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ ایسے معاملات میں نہ پڑیں۔

خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اس معاملے پر اپنے انداز میں بات کرنی چاہیے۔ معاملے کو پختونوں سے منسلک کرنا قومی یکجہتی کے لیے بہتر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں ان دنوں مولانا فضل الرحمان کا غصہ زیادہ ہے، تاہم وقت کے ساتھ ان کا غصہ معمول پر آجائے گا۔

صحافی نے رانا ثنا اللہ سے سوال کیا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کو حصہ نہ ملنے پر ناراضی ہے، اس بارے میں وہ کیا کہیں گے؟

جواب میں رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ اسی عرصے میں مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ایک ملاقات ہوئی تھی، جس میں ایاز صادق، طارق فضل چوہدری اور وہ خود شریک تھے۔ اس کے بعد وزیراعظم کے ساتھ بھی ایک اور ملاقات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں کے دوران مولانا فضل الرحمان نے اس نوعیت کی کوئی بات نہیں کی تھی۔

واضح رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ دنوں اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ حصہ نہ ملنے پر ناراض ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button