بجلی کے نئے بنیادی ٹیرف کا پہلا مرحلہ یکم جنوری 2027 سے شروع ہوگا

درخواست کے مطابق جنوری سے دسمبر 2027 تک کم از کم 3 ہزار 386 ارب 86 کروڑ روپے کی بجلی خریدنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ اس عرصے کے دوران بجلی کی خریداری کی فی یونٹ قیمت کا تخمینہ 25 روپے 88 پیسے لگایا گیا ہے۔
درخواست میں خراب ترین صورتحال کے تحت بجلی کی خریداری کی فی یونٹ قیمت 29 روپے 25 پیسے تک پہنچنے کا تخمینہ بھی پیش کیا گیا ہے۔
سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق پاور پرچیز پرائس میں کپیسٹی پیمنٹس کا کم سے کم تخمینہ ایک ہزار 914 ارب 44 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ کپیسٹی پیمنٹس کا تخمینہ ایک ہزار 962 ارب روپے ہے۔
نیپرا کے مطابق سی پی پی اے کی درخواست پر 3 نومبر کو سماعت ہوگی، جس کے بعد جنوری سے دسمبر 2027 تک بجلی کی خریداری کے ٹیرف سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب رواں سال جنوری سے دسمبر 2026 تک بجلی کی خریداری کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 3 ہزار 185 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس عرصے کے لیے بجلی کی خریداری کی فی یونٹ قیمت 25 روپے 32 پیسے ہے۔
دسمبر 2026 تک کپیسٹی پیمنٹس کا تخمینہ ایک ہزار 923 ارب 31 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، جبکہ جنوری سے دسمبر 2026 تک فی یونٹ کپیسٹی پیمنٹس کا تخمینہ 14 روپے 86 پیسے ہے۔
بجلی کے نئے ٹیرف کا حتمی تعین نیپرا کی سماعت اور فیصلے سے مشروط ہے۔



