latest newsWorld

فرانس میں ہنگامہ آرائی، بعض علاقوں میں جزوی کرفیو لگانے کی ہدایت

فرانس میں پُرتشدد مظاہروں اور ہنگامہ آرائی کے بعد ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس کے بعد وزیراعظم سیباستیاں لیکورنو نے مقامی حکام کو بعض علاقوں میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کی ہدایت کردی۔

پیرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ ملک میں امن و امان کی بحالی کے لیے پُرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہنگامی حالت نافذ کرنا ضروری ہوا تو ایسا کیا جاسکتا ہے، تاہم موجودہ صورتِ حال میں جزوی کرفیو زیادہ مناسب معلوم ہوتا ہے۔

انہوں نے واضح نہیں کیا کہ کن شہروں میں کرفیو نافذ ہوگا اور اس کی نوعیت کیا ہوگی، تاہم پورے پیرس میں مکمل کرفیو کے امکان کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرفیو مقامی اور جزوی ہونا چاہیے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ لوراں نونیز نے کہا کہ منگل کی شام پیرس سینٹ جرمین اور بارسلونا کے درمیان ہونے والے فٹ بال میچ کو منسوخ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

فرانس کے بڑے شہروں کے میئرز نے پیر کو حکومت سے وضاحت طلب کی کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مناسب تیاری کیوں نہیں کی گئی۔ یہ مطالبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حکومت ہفتے کے اختتام پر ہونے والے ہنگاموں، توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کے اثرات سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ملک میں حالیہ احتجاج کئی ہفتوں سے جاری طلبہ مظاہروں کے بعد سامنے آئے، جن کے دوران وقفے وقفے سے پُرتشدد واقعات بھی پیش آتے رہے۔ ان مظاہروں نے آئندہ صدارتی انتخابات سے چھ ماہ قبل فرانس کی سیاسی صورتِ حال کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جبکہ کمزور معیشت اور بڑھتے ہوئے قرضوں کے باعث حکومت پر دباؤ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button