کسی سیاسی جماعت کے پاس اس وقت پولیٹیکل کیپٹل نہیں، ملک مثبت جمہوریت کی جانب گامزن ہے، فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اس وقت کسی سیاسی جماعت کے پاس پولیٹیکل کیپٹل نہیں، جبکہ ملک مثبت جمہوریت کی جانب گامزن ہوچکا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ ملک میں اب ہر کسی کو کم یا زیادہ، اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی موجودہ کارکردگی کو بھی سراہا۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ یہ پہلا مرحلہ ہے، ابھی دوسرا اور تیسرا مرحلہ بھی آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مزید گورنر راج، مارشل لا یا صدارتی نظام آتا دکھائی نہیں دے رہا اور ملک مثبت جمہوریت کی طرف بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اگر حکومت سے کچھ تحفظات ہیں تو حکومت کو انہیں دور کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ 90 یا 180 دنوں میں گورنر راج اور ایمرجنسی ختم ہوتے نہیں دیکھ رہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ سینیٹر منتخب ہونے کے لیے انہیں پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے ووٹ دیا، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے انہیں ووٹ نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ان کا دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان، بانی ایم کیو ایم کی سیاست سے بھی 100 فیصد آگے نکل گئے ہیں۔



