پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، لانگ مارچ کی ناکامی پر سوالات

اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس میں لانگ مارچ کی ناکامی، مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے کردار پر گفتگو کی گئی۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی کے ایک اہم مرکزی رہنما نے لانگ مارچ کی ناکامی کی ذمہ داری سہیل آفریدی پر عائد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے مارچ کے منصوبے سے مرکزی اور صوبائی قیادت کو لاعلم رکھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک بیشتر ارکان نے مذاکرات کی ناکامی کا ذمہ دار محمود خان اچکزئی کو ٹھہرایا، جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی مردان سے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور منتقلی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔
اجلاس کے دوران ایک رہنما نے سوال اٹھایا کہ سہیل آفریدی مردان سے وزیراعلیٰ ہاؤس کیوں منتقل ہوئے؟ اس پر پارٹی کے ایک مرکزی رہنما نے جواب دیا کہ لوگوں کی تعداد کم ہونے کے باعث وزیراعلیٰ نے مردان میں قیام نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بیرسٹر سیف کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر کور کمیٹی کے ایک رکن نے تجویز دی کہ بیرسٹر سیف کو دوبارہ فعال کیا جائے۔
پی ٹی آئی نے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے آج رات کور کمیٹی کا دوبارہ اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں پارٹی کی آئندہ حکمت عملی اور حالیہ سیاسی سرگرمیوں کا جائزہ لیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی پارٹی کے اندرونی معاملات پر میڈیا سے گفتگو نہیں کی۔



