مالی وسائل کی کمی باصلاحیت نوجوانوں کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ مالی وسائل کی کمی ہے، غریب خاندانوں کے بچے صلاحیتوں کے باوجود اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔ دانش اسکولوں کا منصوبہ پنجاب سے نکل کر اب پورے پاکستان میں پھیل رہا ہے۔
اسلام آباد میں دانش اسکول کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے کسی بچے کو معیاری تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ معیاری تعلیم اور مساوی مواقع کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکولوں کے طلبہ کی کامیابیاں انتہائی متاثر کن ہیں۔ پاکستانی نوجوانوں میں اپنی زندگیوں کے ساتھ ملک کی تقدیر بدلنے کی بھی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ نوجوان اپنی ذہانت، محنت اور انتھک کوششوں سے پاکستان کو اقوام عالم میں نمایاں مقام دلا سکتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غریب خاندانوں کے بچے ایچی سن جیسے معروف تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔ اسی وژن کے تحت 2010 میں دانش اسکول جیسے تعلیمی اداروں کی بنیاد رکھی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ دانش اسکولوں کو اس معیار تک پہنچایا جائے کہ وہ معروف تعلیمی اداروں سے بھی بہتر ثابت ہوں اور مستحق بچوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آسکیں۔



