latest newsPoliticsWorld

ٹرمپ کا اسرائیلی انتخابات میں نیتن یاہو کی حمایت کا اعلان، ایرانی جوہری پروگرام ختم کرنے کا عزم

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کے آئندہ پارلیمانی انتخابات میں اپنے اتحادی اور موجودہ وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کو ’’عظیم جنگجو وزیراعظم‘‘ اور امن کا شراکت دار قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ انہوں نے ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں میں ساتھ دینے پر بھی اسرائیلی وزیراعظم کو سراہا۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر جاری بیان میں لکھا کہ بی بی نیتن یاہو نے شدید مخالفت، حتیٰ کہ اسرائیل کے اندر سے ہونے والی مخالفت کے باوجود ثابت قدمی اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔

اسرائیلی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ان کے پیغام کو وزیراعظم کے طور پر دوبارہ انتخاب کی دوڑ میں نیتن یاہو کے لیے ان کی مکمل اور بھرپور حمایت سمجھا جائے۔

تاہم خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واضح نہیں کہ ٹرمپ کی حمایت سے نیتن یاہو اور ان کی دائیں بازو کی جماعت لیکوڈ کو 27 اکتوبر کے انتخابات میں کتنا فائدہ پہنچے گا۔ ایران کے معاملے پر امریکا اور اسرائیل کے درمیان اختلافات کے باعث اسرائیل میں ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی آنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے انتخابی حمایت پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ایکس پر جاری بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے مل کر بڑے کارنامے انجام دیے ہیں اور آئندہ دو برسوں میں بھی وہ مل کر اپنا مشن مکمل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مشترکہ مشن میں ایران کے جوہری پروگرام کا خاتمہ بھی شامل ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button