latest newsShowbiz

ممبئی میں ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ، اداکار محفوظ، ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی

ممبئی: بھارتی شہر ممبئی میں بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں اداکار محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کی شام ممبئی کے علاقے جوہو میں نامعلوم حملہ آوروں نے ٹائیگر شروف کی گاڑی پر تین سے چار گولیاں چلائیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں اداکار کا ڈرائیور بازو میں گولی لگنے سے زخمی ہوا، جبکہ قریب موجود ایک رکشہ ڈرائیور بھی زخمی ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹائیگر شروف فٹ بال کھیلنے کے بعد گراؤنڈ سے واپس جارہے تھے۔ اس دوران اداکار کو دیکھنے کے لیے وہاں لوگوں کا ہجوم موجود تھا۔

مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی، جبکہ ممبئی پولیس نے تحقیقات کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ ٹائیگر شروف کے والد اور معروف اداکار جیکی شروف نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کا بیٹا محفوظ ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں ایک شخص نے لارنس بشنوئی گینگ کی نمائندگی کا دعویٰ کرتے ہوئے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویڈیو میں انیل پنڈت نامی شخص نے دعویٰ کیا کہ ٹائیگر شروف کو اس سے قبل بھی خبردار کیا گیا تھا۔ ویڈیو میں بالی وڈ کی ان شخصیات کو بھی دھمکیاں دی گئیں جو اداکار سلمان خان کے ساتھ کام کرتی ہیں۔

تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی، جبکہ پولیس نے بھی تاحال حملے میں لارنس بشنوئی گینگ کے ملوث ہونے یا حملہ آوروں کی شناخت کی تصدیق نہیں کی۔

واضح رہے کہ اپریل 2024 میں موٹر سائیکل سوار دو افراد نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر فائرنگ کی تھی۔ بعد ازاں پولیس نے اس مقدمے میں جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے چھوٹے بھائی انمول بشنوئی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

لارنس بشنوئی اس وقت بھارتی ریاست گجرات کی جیل میں قید ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کی سلمان خان سے دشمنی کی وجہ 1998 میں راجستھان میں کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کا مقدمہ ہے، جس میں سلمان خان پر مبینہ طور پر ملوث ہونے کا الزام لگا تھا۔ کالا ہرن بشنوئی برادری کے نزدیک مقدس حیثیت رکھتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button