میسی کے دو گول، انٹر میامی کی اٹلانٹا یونائیٹڈ کے خلاف 1-3 سے فتح

میامی: لیونل میسی نے چار منٹ کے اندر دو گول کرکے انٹر میامی کو اٹلانٹا یونائیٹڈ کے خلاف 1-3 سے کامیابی دلادی، جس کے ساتھ ہی ایم ایل ایس پلے آف سے قبل دفاعی چیمپئن کی فتوحات کا سلسلہ مزید مضبوط ہوگیا۔
39 سالہ ارجنٹائنی سپر اسٹار میسی میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس) میں 25 گول کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ انہوں نے ایف سی ڈلاس کے کروشین اسٹرائیکر پیٹر موسا اور فلاڈیلفیا کے میلان ایلوسکی پر چھ گول کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔
میسی نے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انٹر میامی کو مسلسل تیسری کامیابی دلائی۔ انہوں نے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل جرمن برٹرامے کے گول میں معاونت کی، جس کے نتیجے میں میامی کو 45ویں منٹ میں برتری حاصل ہوئی۔
میسی نے 56ویں منٹ میں اٹلانٹا کے دفاع کو چکمہ دیتے ہوئے بائیں پاؤں سے شاندار شاٹ لگا کر گیند جال میں پہنچائی اور ٹیم کی برتری 0-2 کردی۔ چار منٹ بعد لوئس سواریز کے پاس پر انہوں نے ایک اور گول کرکے اسکور 0-3 کردیا۔
اٹلانٹا یونائیٹڈ کی جانب سے فافا پیکالٹ نے 89ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کیا، تاہم ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ ایسٹرن کانفرنس میں دوسرے آخری نمبر پر موجود اٹلانٹا کے لیے پلے آف میں جگہ بنانے کی امیدیں بھی کم ہوتی جارہی ہیں۔
میسی نے اس میچ میں ایک گول میں معاونت بھی کی، جس کے بعد وہ ایل اے ایف سی کے سون ہیونگ من کے ساتھ اسسٹ چارٹ میں بھی برابر آگئے۔ وہ ایم ایل ایس کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے مسلسل تین سیزنز میں کم از کم 15، 15 اسسٹ ریکارڈ کیے ہیں۔
ارجنٹائن کی قومی ٹیم کو جذباتی انداز میں الوداع کہنے کے بعد میسی تین میچوں میں چار گول کرچکے ہیں۔ انٹر میامی نے بدھ کو پلے آف میں اپنی جگہ یقینی بنائی تھی۔ ٹیم گزشتہ ماہ کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے کرسٹیان ’’کیلی‘‘ گونزالیز کی زیرنگرانی مسلسل تیسرا میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔
سینٹ لوئس سٹی کی ناقابلِ شکست مہم ختم
ایم ایل ایس کے دیگر مقابلوں میں سینٹ لوئس سٹی کی 19 میچوں پر مشتمل ناقابلِ شکست مہم ختم ہوگئی۔ ٹیم کو مینیسوٹا یونائیٹڈ کے ہاتھوں 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ فلاڈیلفیا کی ناقابلِ شکست مہم 15 میچوں تک پہنچ گئی۔
مینیسوٹا نے میچ میں ابتدائی خسارے سے واپسی کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ سینٹ لوئس کی جانب سے برازیلین فارورڈ رافیل ناوارو اور جنوبی کوریائی ونگر جونگ سانگ بن نے گول کیے۔ مینیسوٹا کے ازیل جیکسن نے 49ویں منٹ میں خسارہ کم کیا، جبکہ کیلون یبوہ نے 68ویں منٹ میں مقابلہ برابر کردیا۔ مارکس کیلڈیرا نے 86ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کرکے مینیسوٹا کو فتح دلائی۔
سینٹ لوئس سٹی کے پاس ایم ایل ایس میں مسلسل 19 میچ ناقابلِ شکست رہنے کا اپنا مشترکہ ریکارڈ توڑنے کا موقع تھا، تاہم شکست کے باعث ٹیم یہ اعزاز حاصل نہ کرسکی۔ یہ ٹیم تمام مقابلوں میں مسلسل 21 میچ ناقابلِ شکست رہنے کا اپنا ریکارڈ بھی برقرار نہ رکھ سکی۔
سینٹ لوئس کو آخری مرتبہ 3 مئی کو آسٹن کے خلاف 0-2 سے شکست ہوئی تھی۔ اس کے بعد ٹیم نے لیگ میں 13 فتوحات حاصل کیں اور چھ میچ برابر کھیلے۔
دوسری جانب فلاڈیلفیا نے شارلٹ کے خلاف 2-2 سے ڈرا کھیل کر اپنی ناقابلِ شکست مہم کو 15 میچوں تک بڑھا دیا۔ ٹیم اس سے قبل مسلسل آٹھ میچ جیت چکی تھی۔ 24 مئی کو انٹر میامی کے خلاف 4-6 کی شکست کے بعد فلاڈیلفیا نے 12 فتوحات اور تین ڈرا کے ذریعے ممکنہ 45 میں سے 39 پوائنٹس حاصل کیے۔ یہ کامیابیاں ریان ریکٹر کے عبوری ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سامنے آئیں، جنہوں نے لیگ کے ورلڈ کپ وقفے کے دوران ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔



