لاہور میں ایل ڈی اے کا آپریشن، 6 غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کا ڈھانچہ مسمار، 28 کمرشل املاک سیل
لاہور(عمران اسلم) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے غیرقانونی رہائشی سکیموں اور غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 رہائشی سکیموں کا ڈھانچہ مسمار اور 28 کمرشل املاک سربمہر کردیں۔
ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر چیف میٹروپولیٹن پلانر کی نگرانی میں ایل ڈی اے ٹیموں نے سندر، رائیونڈ روڈ اور ملتان روڈ پر غیرقانونی رہائشی سکیموں کے خلاف آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران ماشاءاللہ ولاز، مل پنڈ کے قریب غیرقانونی سب ڈویژن، دامن سٹی، مراکہ مارکیٹنگ، مراکہ ہومز، مراکہ سٹی اور نیو لاہور سٹی کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے غیرقانونی رہائشی سکیموں کی چار دیواریاں، دفاتر، سڑکیں اور دیگر تعمیرات مسمار کردیں۔
دوسری جانب ایل ڈی اے کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے کنٹرولڈ ایریا میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جی ٹی روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن میں مجموعی طور پر 28 کمرشل املاک سیل کردیں۔
ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن میں 10 املاک سربمہر کی گئیں، جبکہ جی ٹی روڈ پر غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مزید 18 املاک سیل کی گئیں۔
سیل کی جانے والی املاک میں نجی اسکول، گروسری اسٹورز، بیوٹی سیلون، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، کلینکس، فارمیسیز، دکانیں، شورومز، آٹو ورکشاپس اور دفاتر سمیت دیگر تجارتی مقامات شامل ہیں۔
ایل ڈی اے حکام کے مطابق کمرشل املاک کے خلاف آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی زیرنگرانی کیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ غیرقانونی رہائشی سکیموں اور غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
ایل ڈی اے کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد شہر میں غیرقانونی تعمیرات کی روک تھام، شہری منصوبہ بندی کے قوانین پر عمل درآمد اور رہائشی و تجارتی علاقوں کو ضابطوں کے مطابق منظم کرنا ہے۔



