entertanmentlatest news

جھنگ ڈیزرٹ ریلی 16 اکتوبر سے شروع ہوگی، 95 کلومیٹر طویل ٹریک پر جیپ ریس کا انعقاد

لاہور(عمران اسلم) پنجاب میں سیاحت کے فروغ اور مقامی ثقافت کے تحفظ کے لیے پہلی جھنگ ڈیزرٹ ریلی اور تین روزہ ثقافتی فیسٹیول 16 سے 18 اکتوبر تک تحصیل اٹھارہ ہزاری کے علاقے رحمت آباد، تھل ڈیزرٹ میں منعقد ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر جھنگ بابر صاحب دین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق جھنگ ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد کا مقصد ضلع کی منفرد شناخت، صحرائی خوبصورتی، ثقافت، روایات اور سیاحتی مقامات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریلی کے دوران 95 کلومیٹر طویل ٹریک پر جیپ ریس منعقد کی جائے گی، جس میں خواتین جیپ ڈرائیورز سمیت ملک بھر سے 100 بہترین ڈرائیورز اور رائیڈرز شرکت کریں گے۔ شرکاء کو تھل کے صحرائی علاقے میں جیپ ڈرائیونگ اور ایڈونچر کا منفرد تجربہ حاصل ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق تین روزہ ثقافتی فیسٹیول میں جیپ ریس کے علاوہ نیزہ بازی، کبڈی، والی بال، پیراگلائیڈنگ اور دیگر رنگا رنگ ثقافتی و تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ فیسٹیول میں شرکت کے لیے آنے والے شہریوں اور سیاحوں کی سہولت کے لیے فوڈ کورٹس اور رہائشی کیمپس بھی قائم کیے جائیں گے۔

بابر صاحب دین کا کہنا تھا کہ ضلع جھنگ کا وسیع صحرائی علاقہ، تقریباً 6 ہزار مربع کلومیٹر پر محیط تھل، دریائے چناب اور دریائے جہلم کا سنگم اور قدیم تہذیبی و ثقافتی ورثہ اس خطے کو منفرد شناخت عطا کرتے ہیں۔ ڈیزرٹ ریلی کے ذریعے ان قدرتی اور ثقافتی خصوصیات کو نمایاں کرنے کے ساتھ علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔

پریس کانفرنس میں رکن پنجاب اسمبلی کرنل (ر) غضنفر عباس قریشی، سابق رکن پنجاب اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ، امیر عباس سیال، مکرم وحید شیخ اور صاحبزادہ سلطان محمد علی بھی موجود تھے۔

جھنگ ڈیزرٹ ریلی کو علاقے میں سیاحت، ثقافتی سرگرمیوں اور مقامی معیشت کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ اس ایونٹ سے نہ صرف ملک بھر سے آنے والے شرکاء اور سیاحوں کو تھل کی صحرائی خوبصورتی دیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ ضلع جھنگ کی ثقافت اور روایات کو بھی وسیع پیمانے پر متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button