سائرہ بانو کا نانا پاٹیکر کو خراجِ عقیدت، دلیپ کمار سے جڑا جذباتی واقعہ یاد کیا

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ سائرہ بانو نے نانا پاٹیکر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی فنی خدمات اور آنجہانی اداکار دلیپ کمار سے جڑا ایک یادگار واقعہ شیئر کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں سائرہ بانو نے نانا پاٹیکر کے انتقال کو ایک افسوس ناک نقصان قرار دیتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ اور مداحوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
سائرہ بانو نے ماضی کا ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ فلم ’کرانتی ویر‘ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے کے بعد نانا پاٹیکر کو دلیپ کمار نے اپنے گھر پالی ہل مدعو کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جب نانا پاٹیکر شدید بارش میں بھیگتے ہوئے گھر پہنچے تو دلیپ کمار نے خاموشی سے ان کے لیے تولیہ اور صاف قمیص کا انتظام کیا۔ دلیپ کمار کے اس سادہ مگر محبت بھرے رویے نے نانا پاٹیکر کو بے حد متاثر کیا۔
سائرہ بانو کے مطابق اس موقع پر نانا پاٹیکر نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا، ’’ایک انسان کو اس سے بڑا ایوارڈ اور کیا چاہیے؟‘‘
سائرہ بانو نے اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ دو نامور فنکاروں کے درمیان محبت، خلوص، احترام اور انسانیت کی ایک خوبصورت مثال تھا۔
ان کے مطابق حقیقی عزت اور محبت کا اظہار ہمیشہ بڑے اعزازات یا الفاظ سے نہیں ہوتا، بلکہ دوسروں کے ساتھ شفقت اور احترام سے پیش آنے میں بھی پوشیدہ ہوتا ہے۔



