ڈیرہ بگٹی: فراری کمانڈر نور خان بگٹی نے ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیے

ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے فراری کمانڈر نور خان بگٹی نے اپنے ساتھیوں سمیت وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے سامنے ہتھیار ڈال دیے اور قومی دھارے میں واپسی کا اعلان کردیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق نور خان بگٹی نے اپنے ساتھیوں سمیت سوئی کے پاکستان ہاؤس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے منعقدہ کھلی کچہری کے دوران ہتھیار ڈالے۔ اس موقع پر نور خان بگٹی اور ان کے ساتھیوں نے پاکستان سے وفاداری کا حلف بھی اٹھایا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نور خان بگٹی گزشتہ 20 سال سے پہاڑوں میں روپوش تھے اور اب اپنے خاندان سمیت قومی دھارے میں واپس آگئے ہیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق نور خان بگٹی نے اپنے خاندان سمیت مجموعی طور پر 60 افراد کے ہمراہ ہتھیار ڈالے۔ اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ہتھیار ڈالنے والے نور خان بگٹی اپنے خاندان سمیت سوئی میں آباد ہوں گے۔



