latest news

نانا پاٹیکر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ سامنے آگئی

معروف بھارتی اداکار نانا پاٹیکر کے انتقال سے متعلق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں دل کی شریان میں خون کا لوتھڑا پھنسنے کو موت کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق گوا میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ خون کا لوتھڑا پھنسنے سے دل کو خون کی فراہمی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں اداکار کی موت واقع ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق طبیعت بگڑنے پر نانا پاٹیکر کی دیکھ بھال کرنے والے شخص نے ایمبولینس طلب کی تھی۔ ڈاکٹروں نے انہیں 45 منٹ تک سی پی آر دیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور صبح 5 بج کر 10 منٹ پر انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔

نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار والد کی میت لینے گوا پہنچے۔ میت پہلے پونے لے جائی گئی، جس کے بعد ڈونجے گاؤں میں واقع فارم ہاؤس منتقل کی گئی، جہاں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی گئیں۔

آخری رسومات میں مہاراشٹر کی نائب وزیراعلیٰ سنیترا پوار، مرکزی وزرا رام داس اٹھاولے اور مرلی دھر موہول، اداکار جیکی شروف سمیت فلمی دنیا اور دیگر شعبوں کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

نانا پاٹیکر نے ہندی اور مراٹھی سنیما میں چار دہائیوں سے زائد عرصے تک اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ اداکار ہونے کے ساتھ مصنف اور ہدایت کار بھی تھے۔ فلمی دنیا اور فنون کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں انہیں 2013 میں بھارت کے چوتھے بڑے شہری اعزاز پدم شری سے نوازا گیا تھا۔

انہوں نے 1978 میں مظفر علی کی فلم ’گامن‘ سے ہندی سنیما میں قدم رکھا، جبکہ فلم ’پراہار: دی فائنل اٹیک‘ سے ہدایت کاری کا آغاز کیا۔ اس فلم میں انہوں نے فوجی افسر کا کردار بھی ادا کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button