بھارتی اداکار عمران خان احتجاج کے دوران حراست میں لے لیے گئے

بالی ووڈ اداکار عامر خان کے بھانجے اور اداکار عمران خان کو ممبئی میں کروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے احتجاج کے دوران پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اداکار نے پولیس وین سے اپنی سیلفی شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ وہ ’ڈرائیو پر جا رہے ہیں‘۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 10 اکتوبر کو ممبئی کے کرانتی میدان میں سی جے پی کے احتجاج کے دوران 43 سالہ اداکار کو حراست میں لیا گیا۔ پارٹی انتخابی فہرستوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
ممبئی پولیس حکام کے مطابق احتجاج کے لیے باضابطہ اجازت نہیں لی گئی تھی، جبکہ ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت شہر میں احتجاج کے لیے صرف آزاد میدان مقرر ہے۔ دوسری جانب سی جے پی کارکنوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ای میل کے ذریعے اجازت طلب کی تھی، تاہم پولیس کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا۔
رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں اسی معاملے پر ہونے والے احتجاج کے دوران سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال، ممتا بینرجی سمیت تقریباً 1500 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔ اس سے قبل سی جے پی کے مرکزی رہنماؤں ابھجیت دیپکے، سورو داس اور آشوتوش رانکا کو ایئر انڈیا کے طیارے سے حراست میں لیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔
عمران خان ماضی میں سیاسی اور سماجی معاملات، فنکاروں کے حقوق اور طلبہ پر پولیس تشدد کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران الیکشن کمیشن کے دیگر حکام نے چیف الیکشن کمشنر کے 14 فیصلوں پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔



