برطانیہ: پناہ کے متلاشیوں کا انٹرویو مؤخر کرانے کے لیے جعلی بیماری کے نوٹس خریدنے کا انکشاف

برطانیہ میں پناہ کے متلاشیوں کی جانب سے ہوم آفس کے انٹرویوز سے بچنے کے لیے آن لائن بیماری کے نوٹس خریدنے کا انکشاف ہوا ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، مبینہ طور پر بعض پناہ کے متلاشی ان نوٹس کے ذریعے اپنے کیسز سے متعلق انٹرویوز چھ ماہ تک مؤخر کرانے کی کوشش کرتے ہیں، جس سے انہیں اپنے دعووں پر کارروائی کے دوران مزید وقت مل جاتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہوم آفس کی ایک میمو میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ مختلف کیس فائلز میں ایک جیسے جی پی (جنرل پریکٹیشنر) کے بیماری کے نوٹس جمع کرائے جا رہے ہیں۔ یہ نوٹس مبینہ طور پر ’ہوم ٹو لیب‘ نامی ویب سائٹ سے 44 پاؤنڈ میں خریدے جا سکتے ہیں، جہاں ڈاکٹر سے اپائنٹمنٹ لیے بغیر بیماری کی تفصیلات فراہم کرکے اسی روز نوٹس حاصل کرنے کی سہولت موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق بعض درخواست گزار انٹرویو سے ایک روز قبل یا انٹرویو والے دن یہ نوٹس جمع کراتے ہیں، جس کے نتیجے میں انٹرویو مؤخر ہو سکتا ہے۔ اس طریقہ کار کے ذریعے انہیں مبینہ طور پر بغیر جرمانے کے انٹرویو سے عارضی چھوٹ مل جاتی ہے۔



