خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی، باقی میں گورنر راج کا امکان

خیبرپختونخوا کے 8 قبائلی اضلاع سمیت 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ صوبے کے باقی اضلاع میں گورنر راج نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کے لیے جن اضلاع کے نام سامنے آئے ہیں ان میں کرم، اپر و لوئر جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان 12 اضلاع کے لیے فاٹا کونسل تشکیل دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکریٹری کریں گے، جبکہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) بھی کونسل کا حصہ ہوں گے۔
مجوزہ کونسل میں ہر ضلع سے چار مقامی افراد کو شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کونسل ترقیاتی منصوبوں، امن و امان اور دیگر انتظامی امور کی نگرانی کرے گی اور وفاق کے زیر انتظام کام کرے گی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح ساڑھے 9 بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔
تاہم ایمرجنسی اور گورنر راج سے متعلق ان تجاویز اور فیصلوں کی باضابطہ سرکاری تصدیق سامنے آنا باقی ہے۔



