گوہر خان کا ممبئی میں ڈوپلیکس فلیٹ 6 کروڑ روپے میں فروخت

بالی ووڈ اداکارہ گوہر خان نے ممبئی کے علاقے ورسووا میں اپنا ڈوپلیکس فلیٹ 6 کروڑ 1 لاکھ بھارتی روپے میں فروخت کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے یہ فلیٹ 2014 میں 3 کروڑ 20 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ اس طرح 12 سال کے دوران جائیداد کی قیمت میں تقریباً 88 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق فلیٹ کا بلٹ اَپ ایریا 2 ہزار 340 مربع فٹ ہے، جبکہ فروخت کی دستاویزات میں کار پارکنگ کا ذکر نہیں کیا گیا۔ خریداروں نے اس سودے پر 36 لاکھ 6 ہزار بھارتی روپے اسٹامپ ڈیوٹی ادا کی۔
ممبئی کے علاقے ورسووا اور اس کے قریبی علاقوں جوہو، لوکھنڈوالا اور باندرہ میں گزشتہ چند برسوں کے دوران شوبز اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے بھی جائیدادوں کی خرید و فروخت کی ہے۔
گزشتہ برس اداکار رندیپ ہوڈا نے ورسووا میں 5 کروڑ 63 لاکھ بھارتی روپے میں اپارٹمنٹ خریدا تھا، جبکہ جولائی 2026 میں ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے اہل خانہ نے اسی علاقے میں 43 کروڑ بھارتی روپے سے زائد مالیت کے متعدد اپارٹمنٹس خریدے تھے۔



