latest newsPolitics

ایمرجنسی اور گورنر راج کے مخالف ہیں، ایمل ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ وہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کے مخالف ہیں، تاہم موجودہ حالات کی ذمہ دار تحریک انصاف کی حکومت اور اسے اقتدار میں لانے والے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت گزشتہ ڈھائی سال کے دوران ہر لحاظ سے ناکام رہی ہے۔ ان کے بقول حکومت نے عوامی مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں لی بلکہ صوبے کو مسلسل بے یقینی کی کیفیت میں رکھا اور کرپشن کو فروغ دیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی سے نمٹنے میں سنجیدہ نہیں رہی اور اس کی ہمدردیاں عوام، صوبے اور ملک کے بجائے دہشت گردوں کے ساتھ رہی ہیں۔

ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ پولیس اور عوام کے شہداء کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے تحریک انصاف نے دہشت گردوں کی بالواسطہ یا بلاواسطہ سہولت کاری کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عوام اور قانون کے ساتھ کھڑی جماعت کو دہشت گردی اور ففتھ جنریشن وار کے پروپیگنڈے کا نشانہ بنایا گیا۔

اے این پی کے صدر نے کہا کہ گورنر راج لگے یا ایمرجنسی نافذ ہو، ان کے بقول یہ تحریک انصاف اور اسے اقتدار میں لانے والوں کے درمیان باہمی لڑائی ہے۔ انہوں نے دونوں کے احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کو مزید تجربہ گاہ بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button