latest newsPakistan

رحیم یار خان: انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ، ٹیموں کو اہم ہدایات جاری

رحیم یار خان (محمد عقیل اظہر پہوڑ) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی رحیم یار خان ڈاکٹر ابرار حسین چیمہ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ سرویلنس ریویو کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولیو کیسز کی رپورٹنگ، سرویلنس کے نظام میں بہتری اور آئندہ انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر مظہر حسین نے شرکاء کو پولیو کیس رپورٹنگ اور سرویلنس کے طریقۂ کار سے آگاہ کیا، جبکہ انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس میں تمام ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور ماسٹر ٹرینرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر ماسٹر ٹرینرز کے لیے خصوصی تربیتی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں 2 سے 5 نومبر 2026 تک جاری رہنے والی آئندہ انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے پولیو ٹیموں کی کارکردگی بہتر بنانے اور مائیکرو پلاننگ سے متعلق اہم ہدایات دی گئیں۔ شرکاء کو سوشل موبلائزیشن اور عوامی آگاہی کی سرگرمیاں تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ابرار حسین چیمہ نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے جو بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور کر سکتا ہے۔ اس لیے مشتبہ کیسز کی بروقت تشخیص اور فوری رپورٹنگ انتہائی ضروری ہے تاکہ ضلع کے کسی بھی علاقے میں ممکنہ کیس نظرانداز نہ ہو اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

انہوں نے تمام متعلقہ افسران اور پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران دستیاب وسائل مؤثر انداز میں استعمال کیے جائیں اور ہر بچے تک رسائی یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں، تاکہ انسدادِ پولیو مہم کے مقررہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button