پاناما کے ساحل کے قریب 7.7 شدت کا زلزلہ، سونامی کا خطرہ

پاناما سٹی: پاناما کے جنوبی ساحل کے قریب 7.7 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد متعدد ممالک کے ساحلی علاقوں میں سونامی کا خطرہ پیدا ہوگیا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق جمعے کو آنے والے زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی، جبکہ اس کا مرکز پاناما کے جنوبی علاقے لا پیتالوزا کے قریب بحرالکاہل کے ساحل پر واقع تھا۔
زلزلے کے جھٹکے پاناما کے دارالحکومت پاناما سٹی سمیت پڑوسی ملک کوسٹا ریکا کے دارالحکومت میں بھی محسوس کیے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے بعد لوگ عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے خبردار کیا کہ زلزلے کے بعد اگلے تین گھنٹوں کے دوران پاناما، کولمبیا، کوسٹا ریکا، ایکواڈور، پیرو، نکاراگوا، گوئٹے مالا، ایل سلواڈور اور میکسیکو کے بعض ساحلی علاقوں میں خطرناک سونامی لہریں اٹھ سکتی ہیں۔
سسٹم نے ہوائی کے لیے بھی سونامی کے ممکنہ خطرے سے متعلق انتباہ جاری کیا۔



