کویت کا برطانیہ سے 489 ملین ڈالر مالیت کا جدید فضائی دفاعی نظام خریدنے کا معاہدہ

لندن: کویت نے برطانیہ کی ایک کمپنی سے 370 ملین پاؤنڈ، یعنی تقریباً 489 ملین ڈالر مالیت کا جدید فضائی دفاعی نظام خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔
برطانوی حکومت کے اعلان کے مطابق کویت یہ نظام لندن میں قائم کمپنی ’مارس‘ (MARSS) سے خریدے گا، جو آسٹریلوی کمپنی ’ای او ایس‘ (EOS) کی ملکیت ہے۔
معاہدے کے تحت جدید فضائی دفاعی نظام میں جیمرز، ریڈارز، انٹرسیپٹرز اور مصنوعی ذہانت سے لیس کنٹرول سینٹر شامل ہوگا۔ یہ نظام ممکنہ فضائی خطرات کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی کے مطابق دفاعی شعبے میں بڑے معاہدوں کے ذریعے برطانیہ کی صنعتوں کو فروغ دینے، صنعتی سرگرمیوں کو بحال کرنے اور معاشی ترقی کو تقویت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس معاہدے کو برطانیہ اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



