امریکا اور ایران کے درمیان 7 نکات پر مذاکرات جاری ہیں، پاکستان کا انکشاف

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان سات نکات پر بات چیت جاری ہے، جبکہ امریکا نے بھی ایران کے پیش کردہ سات نکات پر اپنا مؤقف شیئر کردیا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست رابطے پاکستان کی ثالثی کوششوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پہلے سے موجود ہے اور زیرِ بحث بعض نکات اس سے مطابقت رکھتے ہیں۔
سجاد حیدر خان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے تنازع کے حل کے لیے پاکستان سمیت دیگر اہم ممالک بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان براہ راست رابطوں کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کا خواہاں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتا ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔



