latest newsPakistan

برطانیہ کے وفد کا ٹھوکر نیاز بیگ میں خانہ بدوشوں کی بستی کا دورہ، فلاحی منصوبوں کا جائزہ

لاہور (ہم شہری) لاہور کے مضافاتی علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے جٹ چوک میں برطانیہ سے آئے ہوئے وفد نے خانہ بدوشوں کی بستی کا دورہ کیا، جہاں آنکھوں کے علاج کے لیے لگائے گئے طبی کیمپ، بچوں کی تعلیم اور جانوروں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ وفد کی قیادت بروک پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال گوندل نے کی۔

وفد میں برطانیہ سے آئے ہوئے پارٹنرز ایما بکلے، ہاورڈ منڈی، سٹیو، کلیئر، ڈینیئل، ڈاکٹر منوچہر اور ڈاکٹر عمران کبیر شامل تھے۔ آمد پر ’گود‘ کے عملے نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہیں گلدستے پیش کیے گئے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ڈھول کی تھاپ پر روایتی انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔

اس موقع پر مہمانوں نے بستی میں قائم آنکھوں کے طبی کیمپ کا معائنہ کیا، جہاں جھگیوں میں رہنے والے سیکڑوں افراد کو آنکھوں کی بیماریوں کی تشخیص، علاج، احتیاطی تدابیر اور مفت ادویات کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ وفد نے خانہ بدوش خاندانوں کی جھگیوں کا دورہ کرکے ان کی روزمرہ زندگی اور مسائل کے بارے میں معلومات بھی حاصل کیں۔ اس موقع پر ’گود‘ کے ڈائریکٹر نذیر غازی نے مہمانوں کو ری سائیکل بیگز کی افادیت اور اہمیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

سماجی تنظیم گود کے زیر اہتمام خانہ بدوش بستی میں منعقدہ تقریب کے موقع پر عالمی تنظیم بروک کے نمائندوں اور دیگر کا گود کے سربراہ نزیر غازی کے ہمراہ گروپ فوٹو

بعد ازاں وفد کو گھوڑوں، گدھوں اور خچروں کے مالکان کے بچوں کے لیے قائم اسکول کا دورہ کرایا گیا۔ مہمانوں کو ایکوائن ویلفیئر سینٹر میں جانوروں کے علاج معالجے اور دیکھ بھال کے حوالے سے جاری سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔

اسکول کے صحن میں آویزاں معلوماتی چارٹس اور پورٹریٹس بھی وفد کی توجہ کا مرکز بنے، جن پر شہریوں کو خدمات فراہم کرنے والے مختلف اداروں کے رابطہ نمبرز اور پتے درج تھے، تاکہ مقامی افراد ضرورت کے وقت متعلقہ اداروں سے آسانی سے رابطہ کر سکیں۔

دورے کے دوران برطانوی مہمانوں نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور اساتذہ و طلبہ سے تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں سوالات کیے۔ بچوں کی جانب سے درست جوابات دینے پر مہمانوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ کلاس رومز میں آویزاں تعلیمی چارٹس دیکھنے کے دوران مہمانوں نے بچوں سے برطانیہ کے قومی پرچم کے بارے میں بھی دریافت کیا، جس کی بچوں نے درست نشاندہی کی۔ اس موقع پر وفد نے بچوں کی تعلیمی صلاحیتوں کو سراہا۔

سکول کے اساتذہ نے مہمانوں کو ادارے میں دستیاب سہولیات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ضروری تعلیمی سامان اور دیگر سہولیات کی کمی کی جانب بھی توجہ دلائی۔

تقریب کی ایک نمایاں خصوصیت مقامی ثقافتی پروگرام تھا، جس میں خانہ بدوش فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر شرکاء کو بروک اور ’گود‘ کے اشتراک سے شروع کیے جانے والے مختلف منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہی دی گئی۔ ان منصوبوں کا مقصد مقامی افراد کی تعلیم و تربیت کے ساتھ گھوڑوں، گدھوں اور خچروں سمیت دیگر متعلقہ جانوروں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کو فروغ دینا ہے۔

تقریب کے دوران مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے اور امن، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دینے کے لیے برطانوی مہمانوں کو روایتی پگڑیاں بھی پہنائی گئیں۔ دورے کے اختتام پر مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

وفد کے اس دورے کو تعلیم، صحت اور جانوروں کی فلاح و بہبود کے شعبوں میں مشترکہ کوششوں کے فروغ اور مقامی آبادی کے مسائل کو سمجھنے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button