پی آئی اے کے بیڑے میں دو جدید بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیاروں کی شمولیت کا معاہدہ

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور نورس اٹلانٹک کے درمیان دو جدید بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیاروں کے حصول کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت پہلی مرتبہ بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے پاکستانی ایوی ایشن انڈسٹری کا حصہ بنیں گے۔


ترجمان پی آئی اے کے مطابق جدید ترین طیاروں کا حصول قومی ایئرلائن کی نئی انتظامیہ کے اس عزم کا اظہار ہے جس کے تحت مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور بین الاقوامی پروازوں کے نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ جدید کیبن اور جدید ترین انٹرٹینمنٹ سسٹم سے لیس یہ طیارے نومبر 2026 کے آغاز سے برطانیہ اور یورپ کے فضائی روٹس پر آپریشن شروع کریں گے۔ نئے طیاروں کی شمولیت سے برطانیہ کے لیے پی آئی اے کے فضائی آپریشن میں توسیع کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی نئی انتظامیہ بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک کو مزید بہتر بنانے، جدید طیاروں کے حصول اور مسافروں کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔



