ایمرا پاکستان کی درخواست پر صحافتی اداروں کے واجبات کی ادائیگی کے احکامات

اسلام آباد(عمران اسلم) الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن (ایمرا) پاکستان کی درخواست پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے صحافتی اداروں کے زیرِ التوا اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔
ایمرا پاکستان کے مرکزی صدر محمد آصف بٹ اور سیکرٹری جنرل انور رضا نے وفاقی وزیر کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ایمرا رہنماؤں کے مطابق وفاقی وزیر نے آئندہ سرکاری اشتہارات کے واجبات کی بروقت اور باقاعدہ ادائیگی کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اشتہارات کی ادائیگی میں تاخیر سے میڈیا اداروں کے مالی مسائل بڑھتے ہیں، جس کے باعث صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی بھی متاثر ہوتی ہے۔
محمد آصف بٹ اور انور رضا نے مطالبہ کیا کہ زیرِ التوا واجبات کی ادائیگی کے لیے واضح اور قابلِ عمل ٹائم لائن جاری کی جائے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں سے بھی صحافتی اداروں کے اشتہارات کے واجبات کی بروقت ادائیگی کے لیے واضح شیڈول مرتب کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایمرا رہنماؤں نے کہا کہ واجبات کی بروقت ادائیگی سے میڈیا اداروں کے مالی مسائل کم ہوں گے اور ہزاروں صحافتی کارکنوں کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی ممکن ہوسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ صحافی اور میڈیا ورکرز مشکل حالات میں عوام تک بروقت اور درست معلومات پہنچانے کے لیے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، اس لیے ان کے معاشی تحفظ اور روزگار کے تسلسل کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
ایمرا پاکستان کی قیادت نے امید ظاہر کی کہ وفاقی وزیر اطلاعات کی ہدایات پر جلد عملی پیش رفت ہوگی اور صحافتی اداروں کے زیرِ التوا واجبات کی ادائیگی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
ایمرا پاکستان نے میڈیا انڈسٹری کے استحکام اور صحافتی کارکنوں کے معاشی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔



