latest newsPakistan

8 اکتوبر کا زلزلہ ملکی تاریخ کا سب سے اندوہناک اور خوفناک قدرتی سانحہ تھا، چوہدری سرور

یہ دن جہاں ہمیں اپنے پیاروں کی جدائی کا گہرا زخم یاد دلاتا ہے وہیں یہ پاکستانی قوم کے عزم، ہمت اور لازوال یکجہتی کی داستان بھی ہے، سابق گورنرپنجاب کاپیغام

لاہور (فیصل علوی) سابق گورنرپنجاب چوہدری سرور نے 8 اکتوبر2005ء کو پاکستان کی تاریخ  کے ہولناک سانحے کو 21 سال مکمل ہونے پر کہا ہے کہ اس دن آنے والا زلزلہ ملک کی تاریخ کا سب سے اندوہناک اور خوفناک قدرتی سانحہ تھا۔ اس شدید زلزلے نے محض چند سیکنڈز میں ہنستے بستے شہروں اور دیہاتوں کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔

اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس شدید زلزلے میں ہزارہا افراد آن واحد میں لقمہ اجل بن گئے، ہزاروں بچے یتیم اور ہزارہا افراد اپنے عزیز تر رشتوں اور گھروں کی چھت کی نعمت سے محروم ہو گئے۔

چوہدری سرورکایہ بھی کہنا تھا کہ8 اکتوبر کا دن جہاں ہمیں اپنے پیاروں کی جدائی کا گہرا زخم یاد دلاتا ہے وہیں یہ پاکستانی قوم کے عزم، ہمت اور لازوال یکجہتی کی داستان بھی ہے۔ اس سانحے نے ثابت کیا کہ آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستانی قوم ایک دیوار بن کر کھڑی ہو جاتی ہے۔

اس المناک سانحے کے بعد پورے پاکستان کی عوام، پاک فوج اور بین الاقوامی برادری نے مل کر متاثرین کی بحالی کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو اور ریلیف آپریشن سرانجام دیا تھا۔پاکستان کے شہریوں نے دکھ اور غم کی اس گھڑی میں متاثرین زلزلہ کے ہمدردی اور تعاون کی ایک ایسی روایت قائم کی کہ مواخات مدینہ کی یاد تازہ ہو گئی۔

اس سانحہ میں عوام پاکستان، سیاسی، سماجی، دینی جماعتوں، تحریکوں، افواج پاکستان، سول اداروں، این جی اوز نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر متاثرین زلزلہ کی ایسی مدد کی کہ وہ دنیا بھر میں ایک مثال بن گئی۔

اپنے پیغام میں سابق گورنرپنجاب کامزید یہ بھی کہنا تھا کہ زلزلہ زدہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے باقی ماندہ کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری مکمل کیا جائے تاکہ نئی نسل کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔اللہ تعالیٰ 8اکتوبر2005ء کے زلزلہ میں شہید ہونے والے بھائیوں، بہنوں کے درجات بلند فرمائے اور پاکستان کے عوام کو ایسی آفات سے محفوظ و مامون رکھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button