خیبرپختونخوا میں مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹس کی ریکارڈ نیلامی

خیبرپختونخوا حکومت نے مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹس کی نیلامی سے 33 کروڑ 56 لاکھ 85 ہزار روپے سے زائد حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف خیبرپختونخوا ڈاکٹر محسن فاروقی کی زیرصدارت ہونے والی نیلامی میں چترال اور کوہستان کی مختلف ویلیج کنزرویشن کمیٹیوں کے لیے 4 ایکسپورٹیبل مارخور پرمٹس نیلام کیے گئے۔
نیلامی سے مجموعی طور پر 12 لاکھ 11 ہزار 800 ڈالر کا ریونیو حاصل ہوا۔ سب سے زیادہ بولی چترال کے توشی ٹو پرمٹ کی لگی، جو 3 لاکھ 35 ہزار 600 ڈالر میں نیلام ہوا۔
توشی ون کا پرمٹ 3 لاکھ 20 ہزار 600 ڈالر، گہریت گول کا 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر جبکہ کائیگاہ کھوار کا پرمٹ 2 لاکھ 95 ہزار 600 ڈالر میں نیلام ہوا۔
گزشتہ سال سب سے زیادہ بولی 2 لاکھ 72 ہزار ڈالر رہی تھی، جبکہ رواں سال توشی ٹو پرمٹ کی بولی میں نمایاں اضافہ ہوا۔
حکام کے مطابق نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدن کا 80 فیصد مقامی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور وائلڈ لائف کے تحفظ پر خرچ کیا جائے گا، جبکہ 20 فیصد سرکاری خزانے میں جمع ہوگا۔



