latest newsPakistan

اسلام آباد پولیس کی نئی سوشل میڈیا پالیسی، اہلکاروں پر اہم پابندیاں

اسلام آباد پولیس نے تمام افسران اور اہلکاروں کے لیے نئی سوشل میڈیا پالیسی جاری کردی، جس کی آئی جی اسلام آباد نے منظوری دے دی ہے۔

پولیس کے مطابق تمام رینکس کے افسران و اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ پولیس یونیفارم میں ویڈیوز بنانے اور تصاویر کھنچوانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

نئی پالیسی کے تحت ذاتی تشہیر، شہرت یا گلیمر کے لیے پولیس یونیفارم استعمال کرنے پر سختی سے پابندی ہوگی۔ سرکاری گاڑیوں، دفاتر یا نجی مقامات پر یونیفارم میں ویڈیوز بنانے پر بھی کارروائی کی جائے گی۔

پولیس اہلکار بغیر اجازت میڈیا کو بیان نہیں دے سکیں گے، جبکہ پبلک فورمز پر اظہار خیال اور مضامین لکھنے کے لیے بھی اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اہلکار سوشل میڈیا پر اپنے ذاتی سیاسی یا مذہبی نظریات کا اظہار بھی نہیں کرسکیں گے۔

پالیسی کے مطابق محکمانہ یا خفیہ دستاویزات اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر پابندی ہوگی۔ محکمہ پولیس کی مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے بھی ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سے پیشگی منظوری لینا ضروری ہوگی۔

پولیس سرگرمیوں سے متعلق معلومات صرف سی پی او کی پبلک ریلیشنز برانچ کے ذریعے جاری کی جائیں گی، جبکہ یونٹ سربراہان اپنے عملے کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کے ذمہ دار ہوں گے۔

پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ نئی سوشل میڈیا پالیسی کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button