فیس بک میں بڑی تبدیلی کی تیاری، ویڈیو فرسٹ ڈیزائن متعارف کرانے کی آزمائش

فیس بک کے صارفین کے لیے بڑی تبدیلی کی تیاری کی جا رہی ہے، جہاں میٹا سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ٹک ٹاک اور یوٹیوب شارٹس کے انداز میں ویڈیو فرسٹ بنانے کی آزمائش کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق میٹا فیس بک کے نئے ڈیزائن اور انٹرفیس کی محدود پیمانے پر آزمائش کر رہی ہے، جس میں روایتی ٹیکسٹ اور فوٹو پوسٹس کے بجائے ویڈیوز کو زیادہ نمایاں کیا جائے گا۔
نئے ڈیزائن کے تحت فیس بک کھولنے پر صارفین کو روایتی نیوز فیڈ کے بجائے فل اسکرین ویڈیو فیڈ نظر آئے گی، جس میں ایک کے بعد دوسری ویڈیو دکھائی جائے گی۔
میٹا نے اس فیچر کی آزمائش ابتدائی طور پر بھارت میں شروع کی ہے تاکہ صارفین کے ردعمل کا جائزہ لیا جاسکے۔ رپورٹ کے مطابق محدود تعداد میں صارفین کو یہ نیا ڈیزائن دکھایا جا رہا ہے، جبکہ انہیں ضرورت پڑنے پر روایتی ڈیزائن پر واپس جانے کا اختیار بھی حاصل ہے۔
فیس بک کی موجودہ فیڈ بھی ختم نہیں کی جائے گی بلکہ اسے نیوی گیشن میں سیکنڈری ٹیب کے طور پر دستیاب رکھا جائے گا۔
یہ تبدیلی ٹک ٹاک کے اس انداز سے مشابہ ہے جس میں ایپ کھولتے ہی صارف کو فل اسکرین ویڈیو نظر آتی ہے۔ میٹا اس اقدام کے ذریعے فیس بک کو مختصر اور طویل ویڈیو مواد کے لیے مزید مسابقتی پلیٹ فارم بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ نئے ڈیزائن کو دنیا بھر میں کب متعارف کرایا جائے گا۔ امکان ہے کہ کامیاب آزمائش کی صورت میں اسے مرحلہ وار دیگر ممالک تک توسیع دی جائے، تاہم میٹا کی جانب سے اس حوالے سے حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔



